اظہار تشکر


گو کہ ہمارا بنیادی مقصداردو کمیونٹی کے لیے اوپن سورس ترسیموں کی تیاری تھا لیکن جوں جوں ترسیموں کی تیاری کا کام آگے بڑھ رہا تھا توشوق فراواں اورطلب و جستجو کا فطری تقاضاتھا ان ترسیموں کو کیریکٹر بیسڈ فانٹ کا سہار دےکرقابل استعمال بنایا جائے اور ان کی آزمائش کی جائے۔ چنانچہ ساتھ ساتھ ان مراحل کو بھی طے کیا جانے لگا ۔اس دوران ہر مرحلہ پر مجھے علوی لاھوری نستعلیق کے خالق امجد حسین علوی کی تیکنیکی مشاورت فراہم رہی جس کے لیے میں ان کا شکر گزار ہوں۔ ترسیمہ جات کو فانٹ میں شامل کرنا اور ہر ترسیمے کو فعال اور قابل استعمال بنانے کے لیے پروگرامنگ کے ذریعہ ہدایات لکھنا ایک طویل ، صبر آزما اور پیچیدہ عمل تھا جس کو اگر عمومی انداز میں کیا جاتا تو شاید بہت زیادہ وقت لگتا اور بے تحاشا غلطیاں بھی ہوتیں اور فانٹ کو کئی مرتبہ پروف خوانی کے عمل سے گزارنا پڑتا لیکن اردو محفل کے منتظم سید نبیل حسن نقوی اور اردو محفل و القلم کے رکن ابرارحسین نے شب و روز کام کر کے یہ تمام کام خود کار انداز میں انجام دینے کے لیے ضروری اطلاقیے تیار کر کے دیےاور فانٹ سازی کے عمل میں آسانیاں پیدا کرنے کا موجب بنے۔ ان اطلاقیوں کی تیاری کےسلسلہ میں برادرم عبدالمجید اور عارف کریم کی مشاورت بھی شامل حال رہی وہ بھی ہمارے خصوصی شکریے کے مستحق ہیں۔ القلم تاج نستعلیق کی ریلیز کے لیے ایک مناسب اور موزوں لائسنس کی ضرورت تھی جس کے تحت اس فونٹ کے ذاتی استعمال کے فروغ اور تجارتی استعمال کی حوصلہ شکنی ہو۔ اس مقصد کی تکمیل کے لیے تجسس اردو سائنس فورم کے منتظم محمد سعد نے شبانہ روز محنت کی اور پہلے سے موجود آزاد سافٹ وئیر لائسنسز کا جائزہ لے کر ان میں سے مناسب ترین کا انتخاب کیا۔ اور چند مخصوص شقوں کو شامل کرنے کے علاوہ کچھ شقوں میں جزوی ترمیم کے ساتھ القلم تاج نستعلیق اوپن سورس فونٹ لائسنس تیار کیا اس لائسنس کی تیاری کے سلسلہ میں انہیں اردو محفل کے سعادت اور الف نظامی کی مشاورت حاصل رہی جب کہ قانونی معاملات کے سلسلہ میں شعیب صفدر نے قیمتی مشاورت فراہم کی میں ان سب کا بھی شکریہ ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں اس لائسنس کی اردو تلخیص فیصل آباد کے محمد شاکر عزیز دوست نے فراہم کی وہ بھی ہمارے شکریہ کے خصوصی مستحق ہیں القلم کے تیکنیکی مشیر عبدالرؤف اعوان کی شبانہ روز محنت کی داد نہ دینا بھی بخل ہوگا کیونکہ انہوں نے انتہائی عرق ریزی کے ساتھ نہ صرف القلم تاج انسٹالر پیکج تیار کیا بلکہ تاج نستعلیق کی آفیشل سائٹ کو بنانے اور سنوارنے کا کام بھی انتہائی حسن و خوبی سے انجام دیا اور تاج نستعلیق کی ریلیز کے تمام مراحل میں وہ ہمارے ہم قدم رہے ہم انکے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ آخر میں ہم ان تمام ساتھیوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے دامے درمے قدمے سخنے کسی بھی طور ہمارے پروجیکٹ کی حوصلہ افزائی کی اور ہمارے عزائم کو بلند کیا ۔ اللہ کریم سب کو اجر خیر عطا فرمائے۔۔۔ آمین۔


القلم انتظامیہ